بھوپال7 جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد مدھیہ پردیش کانگریس پارٹی میں تبدیلی کی بحث زوروں پر ہے۔پارٹی میں غور و خوض اور میٹنگوں کا دور شروع ہو چکا ہے۔ ہفتہ کو پارٹی کی کور کمیٹی کی میٹنگ ہونے سے پہلے ہی ممکنہ صدر کو لے کر تکرار تیز ہو گئی ہے۔ فی الحال ریاست یونٹ کے صدر کمل ناتھ ہیں اور وزیر اعلی کی ذمہ داری بھی انہی کے پاس ہے۔ اب پارٹی میں نیا صدر بنائے جانے کی بحث ہے۔ کمل ناتھ ان دنوں دہلی میں ہیں اور ان کے اس قیام کو لوک سبھا انتخابات کے نتائج اور نئے ریاستی صدر کے امکانات سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ صدر کے عہدے کے دعویداروں میں جو نام سامنے آرہے ہیں، ان میں سابق مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا، ارون یادو، ریاستی حکومت کے وزیر بالا بچن، جیتو پٹواری شامل ہیں۔ ریاستی حکومت کے وزیر پردھومن سنگھ اور امرتی دیوی نئے صدر کے طور پر سندھیا کو پارٹی کی کمان سونپے جانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ وہیں سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ کے بھائی اور رکن اسمبلی لکشمن سنگھ نے سندھیا کو پارٹی کی کمان نہ دیئے جانے کی بات کہی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ سندھیا کے پاس وقت کی کمی ہے، کیونکہ وہ یوپی میں پارٹی کا کام دیکھ رہے ہیں؛ اس لیے انہیں یہ ذمہ داری نہیں دی جانی چاہئے۔ریاست کے سینئر لیڈروں کی کور کمیٹی کی میٹنگ ہفتہ کو بھوپال میں ہونے والی ہے۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلی کمل ناتھ کے علاوہ ریاستی انچارج دیپک بویریا، سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ، سابق مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا حصہ لیں گے۔ میٹنگ میں نئے صدر اورلوک سبھا انتخابات میں شکست کی وجوہات سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال ممکن ہے۔